چیئرمین پی ٹی آئی غیر شرعی نکاح کیخلاف درخواست قابل سماعت ہونے کا فیصلہ محفوظ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) چیئرمین پی ٹی آئی کے غیر شرعی نکاح سے متعلق کیس میں درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف غیرشرعی نکاح کیس کی سماعت سیشن جج اعظم خان نے کی۔ عدالت میں درخواست گزار محمد حنیف کے وکیل راجا رضوان عباسی اور پراسیکیوٹر رانا حسن عباس پیش ہوئے۔
درخواست گزار کے وکیل راجا رضوان عباسی نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سیکشن 179 کے تحت کیس کا دائرہ کار لاہور اور اسلام آباد دونوں جگہوں پر آتاہے ۔ اس کیس کو دونوں جگہوں پر سنا جاسکتا ہے۔ لاہور میں جو غیر شرعی نکاح ہوا ہے، اس کے نتائج کے اثرات ہوسکتے ہیں۔
پراسیکیوٹر رانا حسن عباس نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ریاست اس میں پارٹی نہیں ہے، جس پر درخواست گزار کے وکیل نے جواب دیا کہ ریاست اس کیس میں پارٹی ہے ۔ راجا رضوان عباسی نے استدعا کی کہ فیصلے کو کالعدم قرار دیاجائے۔
واضح رہے کہ سول جج نصر من اللہ نے پی ٹی آئی چیئرمین کے خلاف غیرشرعی نکاح کیس کی درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیا تھا۔ انہوں نے کیس کی درخواست کو عدالت کے دائرہ اختیار سے باہر قرار دیا تھا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف غیر شرعی نکاح کیس میں درخواست قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔