مفتاح اسماعیل نے جو کہا ٹھیک تھا، شاہ محمود قریشی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ مفتاح اسماعیل نے جو کہا ٹھیک تھا، ڈار کی تاخیر کے سبب روپے کی قدر اس حد تک گری۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے اسٹینڈ بائی معاہدے کی منظوری دے دی ہے، 3 قسطوں میں آئی ایم ایف سے رقم ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف نے جائزہ رپورٹ جاری کر دی ہے، اسٹینڈ بائی معاہدے میں انرجی ریفارمز کا ذکر کیا گیا ہے، آئی ایم ایف کی شرائط کے مطابق حکومت کو بجلی کے نرخ مزید بڑھانے پڑیں گے، شدید گرمی میں 12 سے 14 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کابینہ سے درخواست کر رہی ہے کہ 8 اگست کو اسمبلیاں تحلیل کر دیں، وزیر اعظم کہہ رہے ہیں کہ ان کی حکومت 14 اگست کو ختم ہو جائے گی۔سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کے مطابق دبئی میٹنگ پر انہیں اعتماد میں نہیں لیا گیا، ایمل ولی کہہ چکے گورنر غلام علی اپنی پارٹی کے لیے کے پی میں حالات سازگار بنا رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے، میجر اسٹیک ہولڈر ہے، انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ بہت ضروری ہے۔پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ آئندہ انتخابات میں کسی خاص ٹولے کی طرف جھکاؤ نہیں ہونا چاہیے، الیکشن کمیشن صاف اور شفاف انتخابات کروائے۔