لاہور ہائیکورٹ کا عمر سرفراز چیمہ کو جیل میں بہتر سہولیات فراہم کرنے کا حکم


لاہور(قدرت روزنامہ) لاہورہائیکورٹ نے پی ٹی آئی رہنما و سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو جیل میں بہتر سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے تحریری فیصلہ جاری کر دیا، عدالت نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری کا عمر سرفراز چیمہ کو جیل میں سہولیات نہ دینے کا نوٹیفکیشن خلاف قانون قرار دے دیا۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے قانون کی غلط تشریح کی، عمرسرفراز چیمہ کوجیل سہولیات نہ دینا امتیازی سلوک ہے، اسی نوعیت کے دوسرے ملزمان کو جیل میں سہولیات دی گئی ہیں۔
عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ عمر سرفراز چیمہ کو اپنے حقوق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا، سابق گورنر جیل رولز 1978 کے تحت جیل میں بہتر سہولیات کے مستحق ہیں، انہیں جیل میں بہتر سہولیات فراہم کی جائیں۔یاد رہے سابق گورنر پنجاب کی اہلیہ روبینہ سلطان نے عمر سرفراز چیمہ کو جیل میں بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔