بھارت کی جیلوں سے رہا ہونے والے 18 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

لاہور(قدرت روزنامہ) بھارت کی جیلوں سے رہا ہونے والے 18 پاکستانی واہگہ بارڈر کے راستے واپس وطن پہنچ گئے، بھارتی حکام کی طرف سے پاکستانی شہریوں کو پنجاب رینجرز کے حوالے کیا گیا . بھارتی حکومت نے سزائیں مکمل کرنے والے 18 پاکستانیوں کو رہا کیا ہے جن میں 12 سول قیدی جبکہ 6 ماہی گیر شامل ہیں .

پاکستانی شہری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان داخل ہوئے تو پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے . بھارت سے رہا ہوکر آنے والوں میں محمد حنیف، محمدوقاص، نازش، غلام رسول، محمد رمضان، محمد طارق، محمد علی، محمد شان، لونگ محمد چندانی، راہب علی چندانی، احمد، روشن علی، عبدالامین، محمد عارف، فرید عالم، محمد رمضان اور مشتاق احمد شامل ہیں . پاکستانی ہائی کمیشن نیو دہلی نے پاکستانی قیدیوں کی رہائی اور وطن واپسی کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے . واضع رہے کہ گزشتہ چار ماہ کے دوران پاکستان نے 400 بھارتی قیدیوں جن میں زیادہ تعداد ماہی گیروں کی تھی انہیں رہا کیا جبکہ بھارت نے مئی 2023 میں 22 پاکستانیوں اور آج مزید 18 پاکستانیوں کو رہا کیا ہے . پاکستان اور بھارت کے مابین یکم جولائی کو ایک دوسرے کے ساتھ قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا گیا تھا جس کے مطابق پاکستان کی جیلوں میں بھارتی قیدیوں کی تعداد 308 ہے جن میں 42 سویلین اور 266 ماہی گیر جبکہ بھارتی جیلوں میں پاکستانیوں کی تعداد 417 بتائی گئی تھی جن میں 343 سویلین اور 74 ماہی گیر شامل تھے . ان میں آج 18 پاکستانی رہا ہو کر واپس پہنچ گئے ہیں . . .

متعلقہ خبریں