عالیہ بھٹ مرکزی کردار کے ساتھ جاسوسی فلم سے نئی تاریخ رقم کریں گی
ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی وڈ سپراسٹار عالیہ بھٹ ایک نئی تاریخ رقم کرنے کیلئے تیار ہیں، وہ یش راج فلمز کی جاسوسی دنیا میں خاتون کے مرکزی کردار کے ساتھ فلم بنائیں گی۔ بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق عالیہ بھٹ تھرلر جاسوسی فلم میں ’سپر ایجنٹ‘ کا کردار ادا کریں گی اور اس کی شوٹنگ کا آغاز 2024 سے متوقع ہے۔
یہ بالی وڈ شوبز کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوگا کہ اداکارہ بالی وڈ کے مرد سپر اسٹار شاہ رخ خان، سلمان خان اور ہریتھک روشن کی طرح مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔عالیہ بھٹ کو تھرلر فلم میں ایک جاسوسی مشن پر بھیجا جائے گا اور ایکشن سے بھرپور مناظر مداحوں کے ہوش اڑا دیں گے۔
یش راج کی جاسوسی دنیا کا آغاز سلمان خان کی ’ٹائیگر‘ فرنچائز سے ہوا جس کی اب تک تین فلمیں آچکی ہیں جبکہ 2019 میں ’وار‘ کے ذریعے ہریتھک روشن اور ٹائیگر شیروف کی نئی سیریز کا آغاز ہوا اور اب اس جاسوسی دنیا میں شاہ رخ خان کی بلاک بسٹر ’پٹھان‘ کا بھی آغاز ہوگیا ہے۔