پاکستان

ملک بھر میں چینی اور آٹے کی قیمت میں اضافہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)ملک بھر میں چینی، آٹا اور سبزیوں کی قیمتوں میں مزید اضافے کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ملک بھر میں چینی کی قیمت 150 روپے کلو تک پہنچ گئی ہے جس نے شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔
کوئٹہ میں چینی کی فی کلو قیمت میں 10روپے کا مزید اضافہ کردیا گیا جس کے بعد قیمت 140 سے بڑھ کر 150 روپے تک پہنچ گئی ہے۔دوسری جانب لاہور میں 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 50 روپے کا اضافہ کردیا گیا جس کے بعد قیمت 2 ہزار 850 روپے ہوگئی ہے۔
چئیرمین فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا کا کہنا ہے کہ آٹے کی قیمت میں اضافے کا ذمے دار محکمہ خوراک ہے۔سیکریٹری خوراک نے 200 من سے زائد گندم کی اسٹوریج پر پابندی لگادی ہے، اوپن مارکیٹ میں 40 کلو گندم کی قیمت 4 ہزار 725 روپے ہوگئی ہے، صورتحال برقرار رہی تو گندم کی قلت اور آٹا مزید مہنگا ہونےکا خدشہ ہے۔
علاوہ ازیں پنجاب میں ٹماٹر کی قیمت بھی 40 روپے بڑھا دی گئی ہے، ایک کلو ٹماٹر 120روپے میں فروخت کیا جارہا ہے۔ دکانداروں نے قیمتوں میں اضافے کی وجہ بارشوں سے ہونے والی قلت کو قرار دیا ہے۔

متعلقہ خبریں