بجلی کی قیمت میں اضافہ کرنا گردشی قرضوں کی وجہ سے ہماری ضرورت ہے، وزیراعظم شہباز شریف


لاہور(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے بجلی کی قیمت میں اضافہ کرنا پڑ رہا ہے، بجلی مہنگی کرنا آئی ایم ایف کی شرط ہے مگر گردشی قرضوں کی وجہ سے ہماری ضرورت بھی ہے۔ لاہور میں تاجروں اور صنتکاروں سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ بجلی کی چوری سے بھی نقصان کا سامنا ہے، بجلی کی مد میں لائن اورٹرانسمیشن لاسز ہیں بلوں کا بیٹر غرق ہے، ٹیکس ادا نہیں کریں گے تو پھر مزید ٹیکس نہ لگائیں تو کیا کریں؟
انہوں نے کہا کہ 3 ارب جو ماضی میں دیا گیا ایس ایم ایز کو کیوں نہیں دیا گیا؟ بجلی کی قیمت میں اضافہ آئی ایم ایف کا مطالبہ تو ہے ہی گردشی قرض بھی ہے، تسلیم کرتا ہوں کہ ٹیکسز کی بھرمار ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے میں سب نے حصہ ڈالا، چین نے گزشتہ 3 سے 4 ماہ میں 5 ارب ڈالر دیے ہیں، امریکی وزیر خارجہ نے بھی آئی ایم ایف سے معاہدے کا خیر مقدم کیا، پاکستان کا ڈیفالٹ سے بچنا کامیابی ہے لیکن پروگرام کی بحالی کامیابی نہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے غلط فیصلوں سے معیشت کو نقصان ہوا، سیاسی مفادات کی خاطر ملکی مفاد کو داؤ پر لگایا گیا، ہماری حکومت کے 15 ماہ امریکا سے تعلقات صحیح کرنے میں ہی لگ گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف پروگرام کو سنجیدگی سے لینا اور فائدہ اٹھانا ہوگا، پی ٹی آئی کی حکومت جیسے آئی تھی سب کو معلوم ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے اقتدار میں اپوزیشن کےساتھ ظلم کیا تھا، قربانیوں سے بھر سفر کے لیے سب کو تیار رہنا ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ صنعت و تجارت کو سہولیات دینا حکومت کا فرض ہے، آج ہمیں مشکلات کا سامنا ہے، سابق حکومت کی ناعاقبت اندیشی کی وجہ سے امریکا سے تعلقات کو نقصان پہنچا، سابق حکومت نے امریکا کے ساتھ تعلقات کو کاری ضرب لگائی۔