ابو ظبی(قدرت روزنامہ)بھارت اور متحدہ عرب امارات نے دوطرفہ تجارت مقامی کرنسیوں میں کرنے پر اتفاق کرلیا ہے . بھارتی وزیراعظم نریندر مودی ہفتہ کو متحدہ عرب امارات کے دورہ پر ابو ظبی پہنچے جہاں انکی متحدہ عرب امارت کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں ہوئیں .
نریندری مودی کی شیخ محمد بن زید الہنیان سے ملاقات کے موقع پر بھارت کے مرکزی بینک (ریزرو بینک آف انڈیا) اور متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک (سی بی یو اے ای) نے مقامی کرنسیوں میں لین دین سے متعلق دو سمجھوتوں پر دستخط کیے ہیں . بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور بھارت کے درمیان مقامی کرنسیوں میں تجارت کے معاہدے سے دوطرفہ کاروبار اور سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا .
نریندر مودی نے کہا گزشتہ سال جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کے بعد سے ہندوستان اور یو اے ای کے مابین تجارت میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے . دریں اثنا بھارت کے مرکزی بینک آر بی آئی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دوطرفہ تجارت میں بھارتی روپے اوراماراتی درہم کے استعمال کو فروغ دینے کے لیے مقامی کرنسی سیٹلمنٹ سسٹم (ایل سی ایس ایس) قائم کیا جائے گا .
بیان میں کہا گیا ہے کہ توقع ہے کہ اس نظام سے برآمد اور درآمد کنندگان کو اپنی متعلقہ مقامی کرنسی میں انوائس اور رقم اداکرنے میں مدد ملے گی جس کے نتیجے میں بھارتی روپے اور اماراتی درہم کی فارن ایکس چینج مارکیٹ کو ترقی دینے میں مدد ملے گی .
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ اس انتظام سے دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری اور ترسیلاتِ زر کو بھی فروغ ملے گا، مقامی کرنسیوں کے استعمال سے لین دین کی لاگت اور لین دین کے لیے تصفیے کے وقت کو بہتر بنایا جاسکے گا ، جس میں متحدہ عرب امارات میں رہنے والے بھارتیوں کی ترسیلات زر بھی شامل ہیں .