دنیا قرض لینے پر شرمندہ ہوتی، موجودہ حکومت دھمال ڈال رہی ہے: شیخ رشید احمد
راولپنڈی(قدرت روزنامہ) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ بجلی، گیس مہنگی، آٹا چینی مہنگا یہ ہے 15 مہینوں میں اس حکومت کی کارکردگی، دنیا قرض لینے پر شرمندہ ہوتی ہے، حکومت نے ایک سال ضائع بھی کیا اور دھمال بھی ڈال رہی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ معاشی حالات اتنے گھمبیر اور سنگین ہوگئے ہیں کہ سنبھالنے سے بھی نہیں سنبھلیں گے، پہلے بھی اپنے منی لانڈرنگ کے مستند کیس ختم کرائے فرد جرم والے دن وزیراعظم کا حلف اٹھایا اور جاتے جاتے سولر انرجی میں 70 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کا قوم کو ٹیکہ لگا دیا۔
انہوں نے کہا کہ عزت حکومت سے نہیں ملتی عوام کے دلوں پر حکمرانی سے ملتی ہے، عوام کو مہنگائی کے دلدل میں پھینک کر اور خودکشیوں پر مجبور کر کے زبردستی حکمران بنے بیٹھے ہیں جو فسطائیت، چنگیزیت، دہشتگردی اور ظلم و ستم بے گناہ لوگوں پر ان دنوں رواں رکھا گیا ہے وہ ایک دن ضرور رنگ لائے گا اور انصاف کا بول بالا ہوگا۔
بجلی گیس مہنگی آٹا چینی مہنگا یہ ہے 15 مہنیوں میں اس حکومت کی کارکردگی دنیا قرض لینے پر شرمندہ ہوتی ہے اور حکومت نے ایک سال ضائع بھی کیا اور دھمال بھی ڈال رہی ہے معاشی حالات اتنے گھمبیر اور سنگین ہوگئے ہیں کہ سنھبالنے سے بھی نہیں سنبھیلیں گے پہلے بھی اپنے منی لانڈرنگ کے مستند…
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) July 16, 2023
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ چور ڈاکو لٹیرے اپنے انجام کو پہنچیں گے ان کو صرف اپنی اولاد عزیز ہے غریب کی اولاد دھکے کھائے یا بھاڑ میں جائے اس سے ان کو کوئی غرض نہیں، 15 مہینوں میں تمام حربے ناکام ہوگئے کچھ ڈلیور نہ کر پائے ایک ارب ڈالر کا قرضہ ایک سال ضائع کرنے کے بعد آئی ایم ایف سے لینا کمال نہیں زوال ہے، حکومت کو احساس نہیں کہ غریب فاقہ کشی پر مجبور ہے۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ قوم جھرلو والے الیکشن کو تسلیم نہیں کرے گی اور دنیا میں پاکستان کی معاشی ساکھ کے بعد سیاسی ساکھ بھی داؤ پر لگ جائے گی کیونکہ سیاست معیشت اور ریاست کا ایک دوسرے سے چولی دامن کا ساتھ ہے جو اسے داؤ پر لگائے گا وہ اپنی سیاست کا قبرستان بنائے گا۔