شہبازشریف سے آصف زرداری کی اہم ملاقات، نگران سیٹ اپ پر مشاورت


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اعظم شہبازشریف سے پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے اہم ملاقات کی ہے ، جس میں قومی اسمبلی کی تحلیل اور نگران سیٹ اپ پر مشاورت کی گئی .
تفصیلات کےمطابق سابق صدر آصف زرداری شہباز شریف سے ملاقات کیلئے لاہور ماڈل ٹائون میں ان کی رہائش گاہ پہنچے، اس موقع پرسلیمان شہباز،حمزہ شہباز اور وفاقی وزراء بھی موجود تھے .


دونوں رہنمائوں نےملاقات میں عام انتخابات، نگران سیٹ اپ سمیت آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا . وزیر اعظم نے آصف زرداری کوآئندہ کی حکمت عملی پر اتحادیوں کو بھی اعتماد میں لینے کی یقین دہانی کرائی . آصف زرداری نے وزیراعظم کے آئی ایم ایف پیکیج میں کلیدی کردار کو سراہااور ڈیل پر مبارکباد دی، شہبازشریف نے آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا .
اس موقع پر آصف زرداری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی معیشت کےلئے بارودی سرنگیں مل کر صاف کررہے ہیں . وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ ہماری ساری توجہ معیشت کی مضبوطی پر ہے، اللہ کی مہربانی سے کامیابیاں مل رہی ہیں ، ملک کو ڈیفالٹ کرنے والوں کاخواب خواب ہی رہ گیا ،سیاسی استحکام کی جانب بڑھ رہے ہیں .
وزیراعظم شہباز شریف اورسابق صدرآصف زرداری کی ملاقات کی اندرونی کہانی کے مطابق دونوں رہنمائوں میں موجودہ اسمبلیوں کی مدت، نگران حکومت کی تشکیل اورعام انتخابات بروقت منعقد کرنے کے لئےحکمت عملی پر تفصیلی گفتگوہوئی . پارٹی ذرائع کاکہناہے دونوں رہنمائوں نے دوٹوک موقف اپنایا کہ الیکشن میں کسی صورت تاخیر نہیں ہونی چاہیے .
سابق صدرزرداری کاکہناتھاموجودہ قومی اسمبلی کی مدت 12 اور 13 اگست کی درمیانی رات کو ازخود ختم ہونے پر نگران حکومت تشکیل دی جائے . نگران حکومت کو ساٹھ روز تک محدود رکھنا اوراکتوبرمیں انتخابات چاہتی ہے . ذرائع کےمطابق ملاقات میں اس تجویز پر بھی غورکیا کہ آئندہ نگران وزیر اعظم سینئر سیاست دان ہونا چاہیئے . اس ملاقات کے بعد نگران حکومت کی تشکیل کیلئے اتحادی جماعتوں سے مشاورت کا باضابطہ سلسلہ شروع کردیا جائیگا .

. .

متعلقہ خبریں