کپل شرما نے لائیو شو میں میرے جسمانی خدوخال کا مذاق اُڑایا؛ ساتھی اداکارہ


ممبئی(قدرت روزنامہ) بھارت کے معروف کامیڈی شو میں کپل شرما کی بیوی کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ سمونا نے کہا ہے کہ ابتدائی اقساط میں لائیو شو کے درمیان ان کے جسمانی خدوخال کا مذاق اُڑایا گیا تھا۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی ٹیلی وژن کی اداکارہ سمونا چکرورتی نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ کپل شرما شو کی پہلی قسط میں کپل شرما اپنی لائنیں بھول گئے اور اسکرپٹ سے ہٹ کر میرے ہونٹ اور منہ کا مذاق اُڑانے لگے۔
سمونا چکرورتی نے اُس لمحے کو یاد کرتے ہوئے مزید بتایا کہ کپل شرما کے میرے ہونٹ اور منہ کا مذاق اڑانے پر حاضرین میں سے کوئی بھی نہ ہنسا اور نہ تالیاں بجا کر داد دی۔ مجھے بھی کپل کا یہ مذاق بہت برا لگا تھا۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ ارچنا نے میرے برا منانے کو محسوس کرلیا اور میرے پاس آکر پوچھا کہ آپ پریشان کیوں نہیں۔ میں نے انھیں بتایا کہ میں جس ماحول سے آئی ہوں وہاں کسی کے جسمانی خدوخال پر اس طرح کے کمنٹ پاس نہیں کیے جاتے۔
جس پر ارچنا نے سمجھایا کہ جیسا آپ کا چہرہ اور ہونٹ بہت خوبصورت ہیں ایسے خدوخال بنوانے کے لیے کئی خواتین کو پیسے دیکر سرجری کرواتے دیکھا ہے لیکن کامیڈی میں ایسا ہوتا ہے۔ اگر آپ خود پر ہنسنا سیکھ لیں تو کبھی برا محسوس نہیں کریں گی۔سمونا چکرورتی کے بقول اس کے بعد میں نے برا نہیں منایا بلکہ اب میں ہونٹوں پر لال سرخی بھی لگاتی ہوں۔