امریکی ریاست الاسکا میں 7.4 شدت کا زلزلہ، سونامی کی وارننگ


الاسکا (قدرت روزنامہ)امریکی ریاست الاسکا کے قریب سمندر میں 7.4 شدت کے زلزلے کے بعد مختصر وقت کے لیے سونامی کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔عالمی خبر رساں ایجنسی نے جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے حوالے سے لکھا کہ مقامی وقت کے مطابق سنیچر کی رات کو دیر گئے الاسکا کے جزیرہ نما میں 7.2 شدت کے زلزلہ نے علاقے کو ہلا کر رکھ دیا۔
رپورٹ کے مطابق زلزلے کا مرکز الاسکا کے ایک چھوٹے سے قصبے سینڈ پوائنٹ سے 89 کلومیٹر جنوب میں تھا۔الاسکا کے پالمر میں قائم قومی سونامی وارننگ سینٹر نے جنوبی الاسکا اور جزیرہ نما الاسکا کے لیے پہلے کی سونامی کی وارننگ کو کم کر دیا ہے۔ سینٹر نے کہا ہے کہ ’شمالی امریکہ میں دیگر امریکی شہروں کے ساحل اور کینیڈا کے پیسفک ساحلوں کے لیے سونامی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔
خیال رہے کہ الاسکا زلزلہ کے لحاظ سے فعال پیسیفک ’رنگ آف فائر‘ کا حصہ ہے۔ یہ ریاست مارچ 1964 میں 9.2 شدت کے زلزلے کی زد میں آئی تھی جو کہ شمالی امریکہ میں اب تک کا سب سے شدید زلزلہ تھا۔