لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آئندہ عام انتخابات میں میں کسی سیاسی جماعت سے اتحاد کے بجائے سیٹ ایڈجسمنٹ کا فیصلہ کرلیا . ذرائع کے مطابق کسی بھی پارٹی سے ممکنہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ نواز شریف خود کریں گے .
خیبرپختونخوا میں جمعیت علماء اسلام سرفہرست ہے جبکہ سندھ میں پیپلز پارٹی کے مقابلے میں گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) سے ہاتھ ملانے پر غور کیا جارہا ہے .
عام انتخابات میں مسلم لیگ ن کی حکمت عملی کی تجاویز قیادت کو پہنچا دی گئیں، الیکشن میں ٹکٹ کےلیے پہلی ترجیح ن لیگ کے وفاداروں کو دی جائے گی .
حلقوں میں سروے کرانے کی ہدایت
دوسری جانب مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے انتخابات سے قبل پنجاب کے حلقوں میں سروے کرانے کی ہدایت کر دی . نوازشریف نے رہنماؤں کو ہدایت کی ہے کہ پارلیمانی بورڈ بنائے جانے سے قبل سروے مکمل کئے جائیں .
نوازشریف کا کہنا ہے کہ پنجاب کی قیادت سروے رپورٹ سفارشات کے ساتھ پارلیمانی بورڈ اور قیادت کو دے . سروے میں امیدواروں کی حلقوں میں ساکھ،برتری یا شکست کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا . جن امیدواروں کی اپنے حلقوں میں ساکھ اچھی نہیں ہوگی ان کی جگہ متبادل امیدوار کو ٹکٹ دیا جائے گا .
پارٹی قائد کی جانب سے مجوزہ سروے میں آئندہ انتخابات میں دیگر جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے فوائد اور نقصانات کا بھی جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے .