پاکستانی روپے کے لیے ایک اور ڈراؤنا دن


کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان کی انٹر بینک مارکیٹ میں روپے کی قدر تیزی سے گرنے کا سلسلہ منگل کو بھی جاری ہے۔کاروباری ہفتے کے دوسرے دن دوپہر سے قبل انٹر بینک مارکیٹ میں ٹریڈنگ کے دوران روپے کی قدر میں2.24 روپے کی کمی ہوئی۔فاریکس ٹریڈرز کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت منگل کی دوپہر تک بڑھ کر 281.50 روپے ہو گئی۔
روپے کی قدر میں حالیہ گراوٹ ایک ایسے وقت میں ہو رہی ہے جب اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے جون کے مہینے میں کرنٹ اکاؤنٹ کےسرپلس رہنے کا اعلان کیا ہے۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق جون کے مہینے میں کرنٹ اکاؤنٹ میں 334 ملین ڈالر سرپلس رہے۔


منگل کو پاکستانی روپے کی قدر گرنے کا سلسلہ گزشتہ کئی روز سے جاری رجحان کا تسلسل ہے۔ گزشتہ کاروباری ہفتہ کے آخری روز جمعہ 14 جولائی کو انٹر بینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت 277.59 روپے تھی۔
رواں کاروباری ہفتہ شروع ہوا تو پیر کو پہلے روز کے اختتام پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے بتایا کہ انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر 279.26 روپے رہی۔جمعہ سے منگل تک ڈالر کی قدر میں مجموعی طور پر 5 روپے کا اضافہ ہو چکا ہے۔