ترک صدر کا سعودی ولی عہد کیلئے قیمتی الیکٹرک کار کا تحفہ
جدہ (قدرت روزنامہ) سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ترکیہ کے صدر طیب اردوان کی طرف سے تحفے میں دی گئی الیکٹرک کار چلانے کا تجربہ کیا۔ دی نیشنل نیوز کے مطابق سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے جدہ میں ترک صدر رجب طیب اردوان کے ساتھ الیکٹرک کار چلائی، اردوان نے شہزادہ محمد کو سعودی عرب کے شاہی خاندان کے لیے 2 ترک ساختہ الیکٹرک کاریں بطور تحفہ پیش کیں، دونوں رہنماؤں نے جدہ میں السلام شاہی محل کے صحن میں ترکی کے پہلی الیکٹرک کار ’ٹوگ‘ کا تجربہ کیا۔
بتایا گیا ہے کہ ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان سعودی عرب پہنچے ہیں، مملکت پہنچنے پر ان کے اعزاز میں ایک سرکاری استقبالیہ دیا گیا جہاں شہزادہ محمد بن سلمان نے ان کا استقبال کیا، اس دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے حجم میں ایک ایسے وقت میں اضافہ متوقع ہے جب دونوں ملکوں کی جانب سے ایک دوسرے کے ساتھ تجارت کا حجم بڑھانے کے خواہش ظاہر کی گئی ہے، استنبول کے ہوائی اڈے سے ٹیک آف کرنے سے پہلے ترک صدر نے کہا کہ اس دورے کی دو اہم ترجیحات ہیں جن میں سرمایہ کاری اور ایک مالی جہت شامل ہے، ترکیہ کے پاس دفاعی صنعت، انفراسٹرکچر اور سپر اسٹرکچر میں سرمایہ کاری کے سنجیدہ مواقع ہوں گے۔
معلوم ہوا ہے کہ سعودی ترک بزنس کونسل کے اجلاس جدہ میں شروع ہوئے، ملاقاتوں میں ترکیہ میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھنے والی سعودی کمپنیوں اور تاجروں نے شرکت کی، ان اجلاسوں میں سعودی عرب میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھنے والی 200 سے زیادہ ترک کاروباری شخصیات موجود ہیں، دونوں فریقوں نے دفاع اور سرمایہ کاری کے شعبوں سمیت مختلف شعبوں میں معاہدوں پر دستخط کیے، جن میں کان کنی، توانائی، صحت کی دیکھ بھال، غذائیت، زراعت، رئیل اسٹیٹ، تعمیرات اور سیاحت سمیت اقتصادی شعبے شامل ہیں۔
اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ سعودی عرب میں تقریبا 390 ترک کمپنیاں کام کر رہی ہیں، لگ بھگ ایک ہزار 140 سعودی کمپنیاں ترکیہ میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں، اس سال کے پہلے 4 ماہ کے دوران سعودی عرب میں ترکیہ کی برآمدات کی مالیت تقریبا 781 ملین ڈالر رہی، دونوں ملکوں کے درمیان آپس کی تجارت 2017ء میں 4.5 بلین ڈالر سے بڑھ کر 2022ء میں 6.1 بلین ڈالر تک پہنچ گئی تھی، گزشتہ برس سعودی عرب کو ترکیہ کی برآمدات 1.05 بلین ڈالر تھیں جو 2021 کے اعداد و شمار سے زیادہ ہے، 2021 میں یہ برآمدات تقریبا 250 ملین ڈالر رہی تھیں۔