لاہور ہائیکورٹ: پرویز الہی کی کیمپ جیل سے نامعلوم مقام پر منتقلی کا اقدام چیلنج


لاہور (قدرت روزنامہ) لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیر اعلی پرویز الہیٰ کی کیمپ جیل سے نامعلوم مقام پر منتقلی کا اقدام چیلنج کردیا گیا ۔لاہور ہائیکورٹ میں پرویز الہیٰ کی اہلیہ قیصرہ الہی نے درخواست دائر کی ہے، درخواست میں نگراں حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے ۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ پرویز الہی کو تمام مقدمات میں ضمانت ملنے کے بعد نظر بند کردیا گیا ، پنجاب حکومت کو نظر بندی کے حوالے سے درخواست دی ، پنجاب حکومت نے تاحال پرویز الہی کی نظر بندی کی درخواست کا فیصلہ نہیں کیا درخواست میں کہا گیا کہ نامعلوم افراد نے پرویز الہی کو کیمپ جیل سے نامعلوم مقام منتقل کردیا ہے ، پرویز الہی کو بازیاب کروا کرعدالت پیش کیا جائے ۔
درخواست میں عدالت میں استدعا کی گئی کہ پرویز الہی کی نظر بندی کا اقدام کالعدم قرار دیا جائے اور پرویز الہی کو کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو لاہور کی کیمپ جیل سے اڈیالہ جیل راولپنڈی منتقل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چودھری پرویز الہٰی کو گزشتہ رات اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا، پرویز الہٰی کو ہائی پروفائل کیس کی وجہ سے حکومت کی منظوری سے منتقل کیا گیا۔یاد رہے پرویز الہٰی کو ڈپٹی کمشنر کے حکم پر 30روز کیلئے نظر بندکیا گیا تھا۔