اے ڈی بی کی رواں مالی سال معاشی شرح نمو سست رہنے کی پیشگوئی
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے گزشتہ مالی سال کی طرح رواں مالی سال 2023-24 میں بھی معاشی شرح نمو سست رہنے کی پیش گوئی کر دی ہے۔اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک کے مقابلے میں پاکستان کو کم ترقی اور زیادہ مہنگائی کا سامنا رہا ہے، پاکستان کو نئے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت اصلاحات جاری رکھنا ہوں گی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے جاری ایشین ڈیویلپمنٹ آؤٹ لک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2022-23 کی طرح رواں مالی سال 2023-24 میں بھی معاشی شرح نمو سست رہنے کی توقع ہے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک نے سست معاشی گروتھ کی بڑی وجہ سیلاب اور سخت مانیٹری مالیاتی پالیسیاں قرار دی ہے۔
اے ڈی بی کے مطابق پاکستان میں گزشتہ سال مہنگائی تخمینے سے زیادہ رہی، اشیاء کی طلب بڑھنے کی وجہ سے بھی مہنگائی میں اضافہ ہوا۔رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت میں شرح نمو 6.7 فیصد اور سری لنکا میں 1.3 فیصد رہنے کا امکان ہے جبکہ سال 2023-24 میں بنگلہ دیش 6.5 فیصد کی شرح سے ترقی کرے گا۔