کوئٹہ(قدرت روزنامہ)حکومت بلوچستان اور گوگل کے درمیان گوگل اسکالرشپ اور انٹرنشپ دینے کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا ہے،نوجوان ماہانہ 1000 ڈالر کما سکیں گے .
کوئٹہ میں حکومت بلوچستان اور گوگل کے درمیان معاہدے کی تقریب میں سیکریٹری آئی ٹی طیب لہڑی، سیکریٹری اطلاعات محمد حمزہ شفقات اور گوگل ٹیم لیڈر عمر فاروق نےمفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کیے، صوبائی وزیر خزانہ زمرک خان اچکزئی اور چیف سیکریٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے بھی تقریب میں شرکت کی .
معاہدے پر دستخط کی تقریب کے بعد گفتگو کرتے ہوئے چیف سیکریٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی نے کہا کہ بلوچستان حکومت اور گوگل کے مابین معاہدہ اہم پیش رفت ہے، وزیراعلٰی بلوچستان صوبے کے نوجوانوں کو باوقار روزگار کی فراہمی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں، بلوچستان کے نوجوانوں کو ہر شعبہ میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں .
عبدالعزیز عقیلی نے کہا کہ اس سال مئی میں گوگل نے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے 1000 اسکالر شپ دی ہیں،گوگل صوبائی محکمہ اطلاعات کی ڈیجیٹلائزیشن میں معاونت بھی فراہم کرے گا . سیکریٹری اطلاعات حمزہ شفقات نے کہا کہ اس پروگرام میں 900 سے زائد نوجوانوں نے انرولمنٹ کرائی . گوگل کی جانب سے مزید 2000 اسکالر شپ دیے گئے ہیں، ان میں لڑکیوں اور لڑکوں کے لیے ایک ایک ہزار اسکالر شپ شامل ہیں .
حمزہ شفقات نے کہا کہ انٹرن شپ کے حامل نوجوانوں کی انٹرنیشنل سرٹیفیکیشن ہوگی جس سے وہ آن لائن جاب حاصل کر سکیں گے، انٹرنز ماہانہ ایک ہزار ڈالر تک کمانے کے قابل ہوں گے .