سائفر گم کرنے کی سزا 3 سال ہے،سائفر کی حفاظت عمران خان کی ذمہ داری ہے،مصدق ملک


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) مصدق ملک کا کہنا ہے کہ سائفر گم کرنے کی سزا 3 سال ہے،سائفر صرف دو یا تین لوگوں کی نظر سے گزرتا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے پریس کانفرنس میں چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کیسا کپتان ہے جو اپنی انا اور سیاست کیلئے ملک کو بھی نہیں چھوڑتا،عمران خان نے جلسے میں بتایا کہ وہ سائفر گم ہو گیا،چیئرمین پی ٹی آئی نے بطورِ وزیراعظم سیکرٹ ایکٹ کی خلاف ورزی کی۔
انہوں نے بتایا کہ سرکاری عہدہ سنبھالتے ہیں تو حلف اٹھایا جاتا ہے پاکستان کا سیکرٹ کسی پر عیاں نہیں کریں گے،سائفر کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا۔ عمران خان نے کہا کہ امریکہ نے نظام میں مداخلت کر کے میری حکومت ختم کی،پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف پروگرام کو جس طرح ڈبونے کی کوشش کی وہ سب کے سامنے ہے۔مصدق ملک کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم عمران خان نے امریکہ میں اپنے مقاصد کیلئے لابنگ کرنے والے کو ہائیر کیا،ڈیوڈ فنٹن نامی شخص کو لابنگ کیلئے رکھا گیا جو ہمشیہ پاکستان کیلئے کام کرتا رہا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ سائفر کی حفاظت عمران خان کی ذمہ داری ہے،سائفر صرف دو یا تین لوگوں کی نظر سے گزرتا ہے،سائفر گم کرنے کی سزا تین سال ہے۔ یاد رہے کہ ایف آئی اے نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو سائفر تحقیقات کیلئے 25 مئی کو طلب کیا ہے،عمران خان کو متعلقہ دستاویزات اور شواہد ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی۔ ایف آئی اے نے چیئرمین پی ٹی آئی کو زمان پارک اور بنی گالہ رہائشگاہوں کے ایڈریس پر نوٹسز بھی جاری کئے۔ نوٹس میں کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سائفر کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے کی تحقیقات جاری ہیں،ایف آئی اے کی ٹیم سائفر معاملے کی تفتیش میں مصروف ہے۔