محرام الحرام کے حوالے سے ڈی جی رینجرز سندھ کی علمائے کرام سے ملاقات
کراچی(قدرت روزنامہ) ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل اظہر وقاص نے محرم الحرام کے حوالے سے تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام سے ملاقات کی ہے۔ترجمان رینجرز کے مطابق ڈی جی رینجرز نے علمائے کرام کو محرم الحرام کے دوران سکیورٹی اقدامات سے آگاہ کیا۔
ترجمان رینجرز نے بتایا ہے کہ ڈی جی رینجرز سندھ نے علمائے کرام کو سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات کی یقین دہانی کرائی، گفتگو کے دوران ڈی جی رینجرز نے تمام علمائے کرام اور اکابرین پر مذہبی ہم آہنگی اور رواداری قائم رکھنے پر زور دیا۔
ترجمان رینجرز کا مزید کہنا ہے کہ قوانین اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جائے گا، خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔سندھ رینجرز کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ علماء کے وفد نے سکیورٹی اقدامات کوسراہا اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔