پنجاب

چیئرمین پی ٹی آئی کی 5 مقدمات میں عبوری ضمانتوں میں 8 اگست تک توسیع


لاہور(قدرت روزنامہ) لاہور کی انسداد دہشتگردی عدالت نے جناح ہاؤس پر حملے سمیت 5 مقدمات میں چیئرمین تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی عبوری ضمانت میں 8 اگست تک توسیع کر دی۔انسداد دہشت گردی عدالت کی جج عبہر گل خان نے جناح ہاؤس حملہ سمیت 5 مقدمات کے کیس کی سماعت کی، سربراہ پی ٹی آئی اپنی عبوری ضمانت کی معیاد ختم ہونے پر انسداد دہشتگردی عدالت میں پیش ہوئے۔
دوران سماعت سپیشل پراسیکیوٹر فرہاد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پولیس نے چیئرمین پی ٹی آئی سے تفتیش مکمل کر لی ہے، سابق وزیراعظم تفتیش میں قصور وار پائے گئے ہیں۔وکلا کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت میں 8 اگست تک توسیع کر دی اور وکلاء کو دلائل کے لئے آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور شادمان پولیس سٹیشن پر حملے کے الزام میں بھی مقدمات درج ہیں، جبکہ عدالت نے ظل شاہ قتل اور ہنگامہ آرائی کے 2 مقدمات میں عبوری ضمانت پر فیصلہ محفوظ کر رکھا ہے۔
یاد رہے کہ 9 مئی کو چیئرمین تحریک انصاف کی گرفتاری پر ملک گیر پُرتشدد احتجاج کیا گیا تھا، جس میں قومی املاک کو نقصان پہنچایا گیا تھا جس میں فوج تنصیبات بھی شامل ہیں۔فوجی تنصیبات سمیت مختلف مقامات پر حملوں اور جلاؤ گھیراؤ کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی اور دیگر رہنماؤں و کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے تھے۔

متعلقہ خبریں