میں عمرے کیلئے حرم میں تھی جب شوہر کے انتقال کی خبر ملی، اداکارہ فہیمہ اعوان
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستانی معروف اداکارہ فہیمہ اعوان نے انکشاف کیا ہے کہ جب اُنہیں اُن کے شوہر کے انتقال کی خبر ملی تو وہ اُس دوران عمرے کے لیے حرم شریف میں موجود تھیں۔اداکارہ فہمیہ اعوان نے گزشتہ روز نجی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی۔اس دوران اُنہوں نے اپنے کیریئر کے آغاز، شوہر کے اغوا اور بازیاب ہونے، شوہر کی بیماری کے دوران اور اُن کی وفات کے بعد پیش آنے والی مشکلات سے متعلق بات کی۔
اداکارہ نے شو کے دوران شوہر کی وفات سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال ماہ رمضان میں وہ عمرہ کرنے گئی ہوئی تھیں اور اسی دوران اُنہیں اپنے شوہر کے انتقال کی اطلاع ملی تھی۔اداکارہ کا بتانا تھا کہ عید کے روز وہ مکہ مکرمہ میں تھیں اور انہوں نے سفید لباس پہنا ہوا تھا، اس دوران اُنہیں فون کال کے ذریعے گھر والوں نے بتایا کہ اُن کے شوہر کا انتقال ہوگیا ہے، اُنہیں یقین نہیں آ رہا تھا، وہ زار و قطار رونے لگی تھیں اور بڑی مشکل سے اُنہوں نے اپنے آپ کو سنبھالا تھا۔
اداکارہ کا بتانا تھا کہ وہ اپنے شوہر کے انتقال کی خبر سُن کر صدمے میں چلی گئی تھیں، اُنہیں ایسا لگ رہا تھا کہ جیسے اُن کی روح جسم سے نکل چکی ہو۔فہیمہ اعوان کا مزید کہنا تھا کہ اللّٰہ نے مجھے بہت عظیم مقام پر بلایا ہوا تھا، میں نے اللّٰہ سے مدد مانگی کہ مجھے میرے بچوں کے لیے زندہ رکھنا، اب میں ہی اپنے بچوں کی ماں اور باپ ہوں۔
اداکارہ نے اپنے شوہر کے انتقال کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ وہ دیوار کا سہارا لے کر کھڑے تھے کہ اچانک بے ہوش ہو گئے اور قریب رکھا ستون پیٹ پر گر گیا تھا، اس حادثے کی وجہ سے ان کی آنتوں کو شدید نقصان پہنچا تھا جس کے باعث اُن کا انتقال ہو گیا۔
فہیمہ اعوان کے مطابق اُن کے شوہر انتقال سے قبل طویل عرصے سے مخلتف بیماریوں میں گھرِے ہوئے تھے۔یاد رہے کہ فہیمہ اعوان نے متعدد ڈراموں میں معاون اداکارہ کے طور پر کام کیا ہے۔اِن کے مشہور ڈراموں میں الف اللّٰہ اور انسان، دیوانگی، رسوائی، ڈھونک، فطور اور دیگر شامل ہیں۔