پاکستان اور بھارت کے درمیان ویزا سہولت آسان ہونی چاہئے، ہمایوں سعید


لاہور(قدرت روزنامہ) پاکستانی سپراسٹار ہمایوں سعید نے کہا ہے کہ محبت آفاقی ہوتی ہے، اسے سرحدوں اور سیاست کا پابند کرنا درست نہیں ہے۔ ایک تازہ انٹرویو میں اداکار نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ بدقسمتی سے پاکستانیوں اور بھارتیوں کو ایک دوسرے کے ملک میں سفر کرنے کا ویزا نہیں ملتا۔
انہوں نے کہا کہ یہ تقریباً ناممکن ہوگیا ہے کہ پاکستانی اور انڈین ایک دوسرے کے ملک کا سفر کرسکیں، یہ درست نہیں ہے، محبت کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور ہمارے سیاستدانوں کو یہ بات سمجھنی چاہئے۔ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ دونوں ملک کے عوام کا لہجہ اور زبان ایک جیسی ہے اور دونوں کے رشتہ دار ہر ملک میں رہتے ہیں چناں چہ ان کے درمیان پابندی نہیں ہونی چاہئے۔
اداکار کے مطابق ان کے والد کی پیدائش انڈیا میں ہوئی تھی اور وہ ہمیشہ انڈیا جاکر اپنی جنم بھومی کو جاکر دیکھنا چاہتے تھے لیکن ان کی خواہش پوری نہ ہوئی اور وہ انتقال کرگئے۔ہمایوں سعید نے اس امید کا اظہار کیا کہ ایشیا کپ 2023 سے دونوں ممالک کے درمیان ویزا حاصل کرنے میں کچھ سہولت پیدا ہوگی جس سے لوگوں کو فائدہ اٹھانا چاہئے۔