حکومت کا 2 ہفتوں کا کھیل تماشہ باقی رہ گیا ہے: شیخ رشید احمد


راولپنڈی(قدرت روزنامہ) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ کم و بیش 2 ہفتوں کا حکومت کا کھیل تماشہ باقی رہ گیا ہے، 342 کی اسمبلی میں 12 آدمیوں نے 100 سے زیادہ بل پاس کر کے گنیز بُک میں عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد نے لکھا کہ اسمبلی کے اجلاس کیلئے 86 ممبروں کا ہونا ضروری ہے لیکن جس اسمبلی کی کوئی عزت توقیر نہ ہو وہاں اکیلا سپیکر ہی کافی ہے، اسمبلی کے آخری اجلاس میں جس تیزی سے 100 بل پاس کئے ہیں یہ سوچا سمجھا منصوبہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈس انفارمیشن اور مسں انفارمیشن کو چالاکی سے بل میں ڈالا گیا، آزادی صحافت کو ہتھکڑیاں پہنا دی گئیں، یہ آزادی صحافت کی گلا گھونٹ پالیسی ہے، جاتے جاتے آزادی صحافت کا جنازہ دھوم سے اٹھایا گیا ہے جس تیزی کے ساتھ میڈیا کو دبانے کی کوشش کی ہے یہ ان کے اندر کا خوف ہے جو باہر آرہا ہے۔


سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جب چینی اور آٹا دونوں 170 روپے کلو ہوگا تو ان کے بیلٹ بکس سے ووٹ کے بجائے کچھ اور نکلے گا، ان کو بخوبی علم ہے کہ 15 مہینوں میں غریب کے ساتھ جو کچھ انہوں نے کیا ہے وہ الیکشن کے روز سود سمیت یہ ادھار اتار دیں گے اس لیے الیکشن کرواتے ہیں تو مارے جاتے ہیں الیکشن سے بھاگتے ہیں پھر بھی مارے جاتے ہیں۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ حالات بدلنے جا رہے ہیں، حکمرانی گلے پڑنے والی ہے ان کو لینے کے دینے پڑیں گے، بس تھوڑا سا انتظار اور ہے یہ جو قدم اٹھاتے ہیں اُلٹا ان کے گلے پڑتا ہے ان کے ستارے گردش میں ہیں، یہ ایک دوسرے کے خلاف کیا بیانیہ بنائیں گے اپنے اپنے انتخابی نشان پر الیکشن لڑیں گے اور ایک دوسرے کا سیاسی پوسٹمارٹم کریں گے۔