ڈی آئی جی شارق جمال کی نماز جنازہ ادا، پولیس افسران سمیت دیگر لوگوں کی شرکت


لاہور(قدرت روزنامہ) گریڈ 20 کے پولیس افسر ڈی آئی جی شارق جمال خان کی نماز جنازہ اچھرہ میں ادا کر دی گئی ہے۔نماز جنازہ میں ڈی آئی جی آپریشنز لاہور علی ناصر رضوی، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز پنجاب شہزادہ سلطان، ڈی آئی جی لوجسٹک پنجاب اطہر اسماعیل، ڈی آئی جی امین بخاری، ان کے رشتہ داروں سمیت دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
واضح رہے پنجاب پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) شارق جمال گزشتہ روز پراسرار طور پر انتقال کر گئے تھے، ان کی لاش فلیٹ نمبر 104 اے تھانہ نشتر کی حدود میں پائی گئی جبکہ وہ ڈیفنس فیز فور میں رہائش پذیر تھے۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ ڈیفنس اے ڈویژن پولیس نے ایک مرد اور ایک خاتون کو حراست میں لیا، تفتیش کیلئے گھر سے کھانے پینے کی اشیاء اور برتنوں کو بھی قبضے میں لیا گیا ہے، ڈی آئی جی شارق جمال کو ہسپتال لایا گیا تو منہ اور ناک سے خون بہہ رہا تھا۔
واضح رہے کہ شارق جمال ڈی آئی جی ٹریفک اور ڈی آئی جی ریلوے بھی تعینات رہے جبکہ وہ کچھ عرصہ قبل ہی گریڈ 21 میں ترقی کیلئے کورس کر کے آئے تھے اور ان دنوں آفیسر آن سپیشل ڈیوٹی (او ایس ڈی ) تھے۔