پاور پلانٹس کی فنی خرابی، ایندھن کی عدم دستیابی سے خزانے کو اربوں کا نقصان
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاور پلانٹس کی فنی خرابی اور ایندھن کی عدم دستیابی کے باعث قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہونے لگا، نئی تعمیر شدہ مٹیاری ٹرانسمیشن لائنز میں خرابی پر نیپرا دستاویزات نے پاور سیکٹر کی نالائقی کا بھانڈا پھوڑ دیا۔
دستاویز کے مطابق گدو 147 میگاواٹ اگست 2022ء سے فنی خرابی کی وجہ سے بند ہے، گدو 747 اوپن سائیکل پر چل رہا ہے جس کی کارکردگی 29 فیصد ہے۔
نیپرا دستاویز کے مطابق حویلی بہادر شاہ، بلوکی سے بہترین کارکردگی کے حامل ہونے کے باوجود پوری صلاحیت سے بجلی حاصل نہیں کی جا رہی، حویلی بہادر شاہ، بلوکی کی وجہ سے 3 ارب 46 کروڑ کا ٹیکہ لگ گیا۔
دستاویز کے مطابق ان پاور پلانٹس کے چلانے سے لوڈشیڈنگ پر قابو پایا جا سکتا تھا، نئی تعمیر شدہ مٹیاری ٹرانسمیشن لائنز میں بھی خرابیاں آنے لگیں۔ٹرانسمیشن لائنز میں خرابی کی وجہ سے تھرکول پاور پلانٹس سے بجلی کی بلاتعطل ترسیل متاثر ہوئی، ایک ماہ میں 5 کروڑ 56 لاکھ کا نقصان ہوا۔