چھ سالہ بھتیجی کو قتل کرکے ڈرامہ رچانے والے چاچا اور چاچی گرفتار


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)راولپنڈی پولیس نے چھ سالہ معصوم بچی کے قتل اور شواہد کو چھپانے میں ملوث میاں بیوی کو گرفتار کرلیا، ملزم دلدار شاہ نے چھ سالہ آمنہ کو اپنے بھائی سے گود لے رکھا تھا، مقتولہ کی چچی نے بچی کو تشدد کرکے قتل کیا اور خاوند نے قتل کو چھپانے کے لیے ڈرامہ رچایا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ تھانہ ائیرپورٹ پولیس نے معاملے کو مشکوک جانتے ہوئے تشدد سے جاں بحق ہونے والی بچی کی قبر کشائی کرائی اور حقائق جاننے کے لیے تفتیش کا آغاز کیا، ملزمہ سمرا نے انکشاف کیا وہ بچی کو گرم چمٹے سے تشدد کرتی تھی، دوران تشدد بچی کا انتقال ہوگیا، ملزم دلدارشاہ نے چالاکی مظاہرہ کرتے ہوئے بچی کو دفنا دیا اور منصوبہ بند کے تحت اپنی بیوی پر مقدمہ درج کروادیا۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے منصوبہ بندی کر رکھی تھی کہ کچھ عرصے بعد دلدار اپنی بیوی ملزمہ سمرا بی بی کو معاف کردے گا اور اس طرح قتل پر ہمیشہ کے لیے پردہ ڈل جائے گا، پولیس نے دائرہ کار وسیع کیا اور قبرکشائی کرکے پوسٹ مارٹم کروایا، پوسٹ مارٹم میں تشدد کے شواہد بھی سامنے آئے، پولیس نے سگے چچا دلدار شاہ اور اس کی بیوی کو باضابطہ گرفتار کرکے تھانہ ائیرپورٹ میں بند کردیا ہے۔