سکردو میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)گلگت بلتستان کے ضلع سکردو میں شنگوس کے مقام پرگاڑی لینڈ سلائیڈنگ کی زد میں آگئی۔ریسکیوحکام کے مطابق افسوسناک حادثہ جگلوٹ سکردو روڈ پر پیش آیا، حادثے میں خواتین اور بچوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔
امدادی اہلکاروں نے لاشوں کو پوسٹمارٹم اور زخمی نوجوان کو علاج کےلیے اسپتال منتقل کردیا۔ متاثرہ فیملی کا تعلق گلگت بلتستان کے ضلع استور سے ہے۔
دوسری جانب گلگت بلتستان کے سیاحتی مقام سکردو میں لینڈ سلائیڈنگ برساتی نالے کا رخ تبدیل ہونے کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ برساتی نالے کا رخ تبدیل ہونے کے باعث کھرمنگ کے بالائی علاقہ ڈورو میں سینکڑوں کنال قابل کاشت اراضی زیر آب آگئی۔