خیبرپختونخوا کے نگراں وزیر کو جلسے سے خطاب کرنا مہنگا پڑگیا
خیبرپختونخوا(قدرت روزنامہ)خیبرپختونخوا کے نگراں وزیر ٹرانسپورٹ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی شاہد خٹک کو نوشہرہ میں جلسے سے خطاب کرنا مہنگا پڑگیا۔الیکشن کمیشن نے معاملے کا نوٹس لےکر نگراں حکومت کو شاہد خٹک کو کابینہ سے ہٹانےکی ہدایت کردی۔
الیکشن کمیشن کو میڈیا کے ذریعے نگران صوبائی وزیر شاہد خٹک کے نوشہرہ میں جلسہ عام میں حصہ لینے اور خطاب کرنے کی اطلاعات موصول ہوئی تھیں، الیکشن کمیشن نے سخت نوٹس لیتے ہوئے صوبائی الیکشن کمشنر خیبر پختونخوا سے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کر لی تھی۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کی نگراں حکومت نے وزیرصنعت عدنان جلیل کو ڈی نوٹیفائی کردیا۔ گورنر کی سمری پر دستخط کے بعد محکمہ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے اعلامیہ جاری کردیا گیا۔ عدنان جلیل عوامی نیشنل پارٹی کے تجویز کردہ وزیر تھے۔ جنہیں پارٹی کی سفارش پر ہٹایا گیا۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے پنجاب کی نگراں حکومت کو بھی ہدایت کی ہے کہ کسی نگراں وزیر کو انتخابی مہم میں شرکت کی اجازت نہیں، خلاف ورزی کی صورت میں فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔