عمرہ کے خواہش مندوں کے لیے خوشخبری، سعودی عرب نے بڑا اعلان کردیا


سعودی عرب(قدرت روزنامہ)سعودی عرب کے شہری اب دنیا بھر سے اپنے دوستوں کو عمرہ ادائیگی کے لیے ذاتی طور پر وزٹ ویزہ پر بھی بلا سکیں گے . سعودی عرب کی وزارت حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ اب سعودی شہری بیرون ملک مقیم اپنے مسلمان دوستوں کو ذاتی وزٹ ویزا پر عمرہ کے لیے بلا سکتے ہیں .


وزارت حج و عمرہ نے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ذاتی ویزا آن لائن حاصل کیا جا سکتا ہے، وہ سنگل انٹری کے لیے بھی ہوسکتا ہے اورملٹی پل انٹری کے لیے بھی . مکہ مکرمہ میں بیت اللہ شریف اور مدینہ منورہ میں مسجد نبوی کی زیارت کے علاوہ، زائرین سعودی عرب کے مختلف سیاحتی مقامات کا دورہ بھی کرسکیں گے .
ذاتی وزٹ ویزا کے لیے درخواستیں سعودی وزارت خارجہ کے ویزا پلیٹ فارم کے ذریعے دی جا سکتی ہیں . سنگل انٹری ویزا 90 دنوں جبکہ ملٹی پل انٹری ویزا ایک سال کے لیے کارآمد ہوگا . ملٹی پل انٹری ویزا رکھنے والا سیاح ہر وزٹ میں 90 دنوں تک سعودی عرب میں رہ سکتا ہے .
واضح رہے کہ سعودی عرب نے 2016 میں شروع کیے گئے سعودی ویژن 2030 کے عنوان سے اسٹریٹجک منصوبے کے تحت سیاحت کی صنعت کو ترقی دینے کی خاطر اپنے تاریخی اور ثقافتی مقامات کو کھول دیا ہے . پروگرام کا مقصد تیل کی برآمدات پر مملکت کا انحصار کم کرنا اور نئی صنعتوں، شعبوں میں ترقی اور توسیع کے ذریعے اپنی معیشت کو متنوع بنانا ہے .
سیاحت سعودی ویژن 2030 کا کلیدی حصہ ہے، جس میں سعودی عرب کا ہدف 2030 تک 100 ملین زائرین کو اپنے ہاں بلانا ہے . اس منصوبے کے نتیجے میں سیاحت کی صنعت سے ملک کی بڑھتی ہوئی افرادی قوت کے لیے 10 لاکھ سے زیادہ ملازمتیں پیدا ہونے کی امید ہے، دوسری طرف اس سے محصولات میں بھی اضافہ ہوگا . مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے مقدس شہروں میں مذہبی سیاحت کو بھی بڑے پیمانے پر فروغ دینے کا منصوبہ ہے، 2030 تک عازمین کی تعداد 3 کروڑ تک بڑھنے کی توقع ہے

. .

متعلقہ خبریں