اداکار گھناؤنے الزامات لگانے کیلئے آسان ہدف ہوتے ہیں، کبریٰ خان


کراچی (قدرت روزنامہ) پاکستان شوبز کی خوبرو اداکارہ کبریٰ خان کا کہنا ہے کہ اداکار کسی بھی قسم کے گھناؤنے الزامات لگانے کیلئے سب سے آسان ہدف ہوتے ہیں۔حال ہی میں کبریٰ خان ایکسپریس انٹرٹینمنٹ کے پروگرام ’دی ٹاک ٹاک شو‘ میں شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی زندگی میں پیش آنے والے مشکل واقعات پر کھل کر بات کی۔
کبریٰ خان نے سوشل میڈیا پر اداکاروں کی کردار کشی اور ٹرولنگ کرنے کے ٹرینڈ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا میں کام کرنے والے لوگ آسان ہدف ہیں۔

View this post on Instagram

A post shared by Express TV (@entexpresstv)


انہوں نے کہا کہ پہلے بھی میرے خلاف سوشل میڈیا پر کئی باتیں پھیلائی گئیں لیکن میں نے نظرانداز کیا، تاہم حالیہ الزامات پر میں چپ نہیں بیٹھ سکی۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال کسی نہ کسی اداکار پر الزام لگا کر انہیں ذلیل کیا جاتا، یہ معمول بن گیا ہے۔ کبریٰ نے کہا کہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری والوں کو سیاست اور سیاستدانوں میں کوئی دلچسپی نہیں ہے کیونکہ ہم اپنے فن پر توجہ دیتے ہیں۔


کبریٰ خان نے ناقدین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ آپ میرے کام اور فن پر تنقید آپ کرسکتے ہیں لیکن میری ذاتی زندگی اور کردار پر بات کرنے کا کسی کو کوئی حق نہیں ہے۔
کبریٰ خان بتایا کہ سوشل میڈیا پر جس طرح کے الزامات ان پر لگائے گئے وہ دیکھ کر ان کی ذہنی حالت بہت خراب ہوگئی تھی اور ان کے گھر والے بھی پریشان ہوگئے تھے۔


یاد رہے کہ سابق فوجی افسر عادل راجا نے اپنی یوٹیوب ویڈیو میں الزام عائد کیا تھا کہ انہیں ذرائع نے بتایا ہے کہ پاکستان کی ٹاپ اداکاراؤں کو سابق اعلیٰ فوجی افسران اور سیاستدانوں کے لیے استعمال کیا جاتا رہا ہے اور ان کی نامناسب ویڈیوز بنائی جاتی تھیں۔
جس کے بعد کبریٰ خان نے سوشل میڈیا سے نامناسب مواد ہٹانے اور کارروائی کرنے کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا جس کے بعد عدالت کے حکم پر ایف آئی اے اور پی ٹی اے نے کارروائی کی تھی۔