زرداری دبئی میں نہیں، نہ نواز شریف سے ملاقات ہوئی، فیصل کریم کنڈی
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے آصف زرداری اور نواز شریف کی ملاقات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق صدر دبئی میں نہیں ہیں نہ ان کی سابق وزیر اعظم سے ملاقات ہوئی ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ دو چار روز میں پیپلز پارٹی نگراں وزیرِ اعظم کے لیے نام تجویز کر دے گی، ناموں پر بات چیت ہو رہی ہے، حتمی لسٹ جلد سامنے آ جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی کی لیڈر شپ اور کور کمیٹی نے نگراں وزیرِ اعظم کے نام سے متعلق فیصلہ کرنا ہے، ن لیگ کی طرف سے نگراں وزیرِ اعظم کے لیے جو بھی نام آئیں گے اس پر بات چیت ہو گی۔فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ حلقہ بندیوں پر متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے اعتراضات کیے ہیں، الیکشن ملتوی نہیں ہونے چاہئیں، ہماری خواہش ہے کہ اکتوبر میں الیکشن ہوں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن میں چار سے چھ ماہ کی تاخیر کا ملک متحمل نہیں، ہماری خواہش ہے کہ الیکشن کوئی بھی جیتے یا ہارے، فری اینڈ فیئر سمجھے۔ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ابھی تک نگراں وزیرِ اعظم کے لیے کوئی نام فائنل نہیں کیا۔