جی ڈی اے کا سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے ایم کیو ایم کی حمایت کا اعلان


کراچی(قدرت روزنامہ) جی ڈی اے (گرینڈ ڈیمو کریٹکس الائنس) نے سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے ایم کیو ایم کی حمایت کا اعلان کردیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈی اے نے ایم کیو ایم پاکستان کی امیدوار رعنا انصار نقوی کی حمایت کا اعلان کیا ہے جس کے ذریعے ایم کیو ایم کا اپوزیشن لیڈر لایا جائے گا۔
اس حوالے سے ایم کیو ایم اور جی ڈی اے رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ جی ڈی اے کے سیکریٹری اطلاعات سردار عبدالرحیم نے کہا کہ آج ایم کیو ایم پاکستان کے دوست ہمارے پاس آئے تھے، سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے لیے اتفاق رائے ہوگیا ہے۔
جی ڈی اے کے جنرل سیکریٹری ڈاکٹر صفدر علی نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان اور جی ڈی اے رہنماؤں کے درمیان اپوزیشن لیڈر کے نام پر مذاکرات ہوئے ہیں، ہم ماضی میں بھی سندھ کے ایشوز پر اکٹھے رہے ہیں، ایوان میں اپوزیشن لیڈر کا اہم کردار ہوتا ہے۔
انہوں ںے کہا کہ سندھ اسمبلی میں ایم کیو ایم پاکستان اور جی ڈی اے کے ارکان کافی سرگرم ہیں اور اس حوالے سے ہماری تین سے چار میٹنگز ہوچکی ہیں، اپوزیشن لیڈر اور قائد ایوان کی مشاورت سے نگراں سیٹ اَپ بنتا ہے، ہم ایم کیو ایم پاکستان کے اپوزیشن لیڈر کی حمایت کریں گے۔
ڈاکٹر صفدر عباسی نے مزید کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ غیر جانب دار نگراں حکومت قائم ہو، ہم اگر اپنی بہن (رعنا انصار نقوی) کو ووٹ دے رہے ہیں تو سندھ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے، جس طرح پیپلز پارٹی نے سندھ کو برباد کیا ہے اس کا حساب ہوگا، کراچی کو تباہ کردیا گیا ہے حالاں کہ کراچی پورے پاکستان کو چلاتا ہے۔