سعودی عرب: 12 ممالک کے پاسپورٹ پر ویزا اسٹیکر ختم، عملدرآمد شروع


سعودی عرب(قدرت روزنامہ)سعودی عرب نے مزید 12 ممالک کے شہریوں کے لیے پاسپورٹ پر ویزا سٹیکر ختم کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد کا آغاز کر دیا، جس کے بعد اب ملازمت، اقامہ، وزٹ اور ملازمت کے ویزے آن لائن جاری کیے جائیں گے۔دوسرے مرحلے میں پاکستان، لبنان، نیپال، سری لنکا، ترکیہ، یمن، سوڈان، یوگنڈا، کینیا، مراکش، تھائی لینڈ اور ویتنام میں سعودی سفارت خانے اور قونصلیٹ پاسپورٹس پر اسٹیکر نہیں لگائیں گی، کیو آر کوڈ کے ساتھ ای ویزا جاری کیا جائے گا۔
سعودی محکمۂ شہری ہوا بازی نے سعودی ایئر پورٹس کے لیے پروازیں چلانے والی تمام فضائی کمپنیوں کو اس حوالے سے تحریری طور پر مطلع کر دیا ہے۔سعودی محکمۂ شہری ہوا بازی کا کہنا ہے کہ پاسپورٹ پر ویزا سٹیکر کے بجائے اے فور کاغذ پر ویزا پرنٹ ہو گا جس میں مسافر سے متعلق ویزے کی معلومات درج ہوں گی۔
سعودی محکمۂ شہری ہوابازی کے بیان میں کہا گیا ہے کہ کیو آر کوڈ کے ذریعے ویزوں کے مؤثر ہونے کا پتہ لگایا جا سکے گا، تاہم اس سے قبل جاری ہونے والے اسٹیکر ویزے مؤثر ہوں گے۔سعودی محکمہ شہری ہوا بازی نے نئے نظام پر عمل درآمد کے حوالے سے چارٹ جاری کیا ہے۔
سعودی محکمۂ شہری ہوا بازی کے چارٹ کے مطابق نئے نظام پر پاکستان کے لیے 24 جولائی 2023ء سے عمل درآمد شروع ہو چکا ہے۔
اس نظام پر یمن کے لیے 26 جولائی، سوڈان کے لیے 2 اگست، یوگنڈا کے لیے 7 اگست، لبنان کے لیے 9 اگست، نیپال کے لیے 14 اگست، ترکیہ کے لیے 16 اگست، سری لنکا کے لیے 21 اگست، کینیا کے لیے 23 اگست، مراکش کے لیے 28 اگست، تھائی لینڈ کے لیے 30 اگست اور ویتنام کے لیے 4 ستمبر 2023ء سے عمل درآمد کیا جائے گا۔