سینیٹ میں کی گئی تقریر پر معافی نہیں مانگوں گا: خواجہ آصف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سینیٹ میں کی جانے والی تقریر پر معافی نہیں مانگوں گا۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ آج سینیٹ میں پی ٹی آئی کے ارکان نے میری مشترکہ اجلاس کی تقریر پر احتجاج کیا، وہ چاہتے ہیں کہ میں اس پر معافی مانگوں لیکن میں اس پر معافی نہیں مانگوں گا۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں کچھ اتحادیوں نے بھی میری مشترکہ اجلاس کی تقریر پر احتجاج کیا۔خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ میں اس تقریر میں یہ کہنا چاہ رہا تھا کہ ہمیں وہ طعنہ دیں جو کام آپ نے نہ کیا ہو، ایشو بنا دیا گیا کہ میں نے خدانخواستہ خواتین سے متعلق نازیبا الفاظ کہے ہیں۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ میں نے کوڑا کرکٹ یا باقیات کہا تو ان چیزوں کی تو کوئی جنس نہیں ہوتی، پی ٹی آئی کی سینیٹرز قانون سازی میں رکاوٹ پیدا کر رہی تھیں، پی ٹی آئی کی خواتین جو احتجاج یہاں کر رہی ہیں، وہاں بھی کر رہی تھیں۔
ان کا کہنا ہے کہ وہ بتائیں کیا مریم نواز اور فریال تالپور خواتین نہیں، ان کا لیڈر خواتین کی تذلیل کرتا ہے اور پی ٹی آئی کی خواتین اسی کی تربیت یافتہ ہیں۔
وزیرِ دفاع نے یہ بھی کہا کہ ہم سیاسی جماعتیں ہیں، ہم لوگوں کی تربیت ہوئی ہے، پی ٹی آئی کی خواتین مریم نواز اور فریال تالپور کے لیے اپنے لیڈر کی زبان پر معافی مانگیں تو میں بھی مانگ لوں گا۔