بلاول بھٹو وزیر اعظم بنیں گے تو پورے ملک میں گھر دینگے، شرجیل میمن
کراچی(قدرت روزنامہ) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کی سیلاب متاثرین کے لئے ہاؤسنگ سکیم دنیا کا سب سے بڑا پراجیکٹ ہے، بلاول بھٹو وزیر اعظم بنیں گے تو پورے ملک میں گھر دیں گے۔صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سندھ 21 لاکھ خاندانوں کو گھر بنا کر دے رہی ہے، لاڑکانہ میں چیئرمین بلاول اور وزیر اعلیٰ نے 5 ہزار خواتین کو گھروں کے مالکانہ حقوق دیئے۔
انہوں نے کہا کہ گھر پورے پاکستان میں گرے تھے، کے پی میں پی ٹی آئی حکومت نے کسی کو ایک گھر بھی نہیں بنا کر دیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ کابینہ نے 30 سال کے لیے سیسی کی گورننگ باڈی کی منظوری دے دی، پیپلز پارٹی چاہتی ہے ہر کمیٹی میں خواتین کی نمائندگی ہو، کابینہ نے ورکرز ویلفیئر بورڈ کے ملازمین کو پنشن دینے کا فیصلہ کیا، ورکرز ویلفیئر بورڈ کے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن نہیں ملتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ خیرپور اکنامک زون میں ون ونڈو آپریشن لائیں گے، چاہتے ہیں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری پاکستان میں آئے، فیصلہ کیا گیا سکھر میں انڈسٹریل زون کے لیے جگہ فراہم کی جائےگی۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ حیدرآباد میں بھی انڈسٹریل زون بنانے کی تجویز آئی ہے، بلاول بھٹو کا وژن ہے ہر جگہ انڈسٹریل زون بنائے جائیں، جتنی انڈسٹریز لگیں گی ملکی معاشی حالات بہتر ہوں گے۔