’غدر‘ کوریلیز سے قبل لوگ ’گٹر‘ کہتے تھے، امیشا پٹیل کا انکشاف


ممبئی(قدرت روزنامہ) بالی وڈ کی نامور اداکارہ امیشا پٹیل نے انکشاف کیا ہے کہ ’غدر: ایک پریم کتھا‘ کو ریلیز سے قبل لوگ ’گٹر‘ کہتے تھے۔ بلاک بسٹر فلم ’غدر‘ کے سیکوئیل کی ٹریلر لانچ کی تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ گٹر والی بات سن کر دکھی ہوجاتی لیکن پھر وہ مزید محنت کیلئے کمربستہ ہوجاتی تھیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب ’غدر2‘ کا پروجیکٹ شروع ہوا تو لوگوں نے اسی طرح کی باتیں شروع کردیں اور وہ کہتے کہ امیشا ایک 20 سالہ جوان کی ماں کا کردار کیسے کرے گی۔امیشا پٹیل نے بتایا کہ لوگوں نے مختلف اعتراضات کیے لیکن انہوں نے اپنا کام کرنا تھا اور انہیں نئے کردار میں ڈھلنے کیلئے گھنٹوں صرف کرنے پڑتے تھے۔
’غدر2‘ کے ساتھ سنی دیول اپنے پرانے کردار ’تارا سنگھ‘ میں سامنے آرہے ہیں اور نئے ٹریلر میں ان کے ایکشن سے بھرپور مناظر اور جذباتی مکالموں سے شائقین بہت محظوظ ہوں گے۔
انیل شرما کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم رواں برس 11 اگست کو پوری دنیا میں ریلیز کیلئے پیش کی جائے گی۔