کراچی؛ ڈکیتی میں مزاحمت پر 21 سالہ نوجوان قتل، 7 ماہ میں تعداد 82 ہو گئی

کراچی(قدرت روزنامہ) ڈکیتی کی ایک اور واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر 21 سالہ نوجوان زندگی کی بازی ہارگیا . شہر قائد میں رواں برس اب تک ڈاکوؤں کے ہاتھوں قتل ہونے والے شہریوں کی تعداد 82 ہو گئی ہے .

قائد آباد تھانے کے علاقے لانڈھی میں شیرپاؤکالونی کے سیکٹرایس، ٹواسٹارگراؤنڈ کے قریب فائرنگ سے نوجوان شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طورپرجناح اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے ہی میں دم توڑگیا . مقتول غیر شادی شدہ اور 4 بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھا . نوجوان نجی گارمنٹس فیکٹری میں مشین آپریٹر کے طور پرملازمت کرتا تھا . پولیس کے مطابق نوجوان گھرکے باہر (گلی میں) بیٹھ کرموبائل فون استعمال کررہا تھا کہ اس دوران موٹر سائیکل پر سوار 2 مسلح ملزمان پہنچے اور انہوں نے موبائل فون چھینے کی کوشش کی، جس پر نوجوان نے ایک ڈاکو کو پکڑ لیا . اسی اثنا میں دوسرے ڈاکونے نوجوان پرفائرنگ کردی اور دونوں فرارہوگئے . فائرنگ کے نتیجے میں نوجوان عباس شدید زخمی ہوگیا، جسے اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں دم توڑگیا . مقتول کو ایک گولی لگی جوجان لیوا ثابت ہوئی . واضح رہے کہ شہرمیں رواں سال ڈکیتی میں مزاحمت کرنے پر قتل کیے جانے والے شہریوں کی تعداد 82 ہوگئی ہے جب کہ اسی طرح کے واقعات میں فائرنگ سے زخمی ہونے والے شہریوں کی تعداد 500 سے تجاوز کرچکی ہے . . .

متعلقہ خبریں