آرمی چیف کی یو اے ای کے صدر سے ملاقات؛ بھائی کی وفات پر تعزیت


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاک فوج کے سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آلنہیان سے ملاقات کی اور ان کے بھائی شیخ سعید بن زاید آلنہیان کی وفات پر تعزیت کی۔ متحدہ عرب امارات کے اسلام آباد میں قائم سفارت خانے کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ٹوئٹ کی گئی ہے کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے صدرِ متحدہ عرب امارات محمد بن زاید آلنہیان سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر نے یو اے ای کے صدر کے بھائی شیخ سعید بن زاید آلنہیان کی وفات پر تعزیت کی اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعائے مغفرت کی۔


یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آلنہیان کے بھائی شیخ سعید بن زاید آلنہیان مختصر علالت کے بعد انتقال کرگئے تھے۔ ان کے انتقال پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے جس کے دوران اماراتی پرچم سرنگوں رہے گا۔