ہما قریشی نے موٹاپے پر منفی تبصرے کرنے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا


ممبئی(قدرت روزنامہ) ہما قریشی نے اپنے وزن پر ٹرولنگ کرنے والوں کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کسی پر ذاتی کمنٹس کرنے کے بجائے اگر فلم پسند نہ آئے یا اداکارہ اچھی نہ لگے تو فلم نہ دیکھیں۔ سوشل میڈیا پر ٹرولنگ کوئی نئی بات نہیں اور معاملہ باڈی شیمنگ کا ہو تو تبصرے کرنے والوں کو مزید چٹخارے مل جاتے ہیں۔ رانی مکرجی کو اپنی آواز اور ابھیشک بچن کو والد کی طرح کامیاب نہ ہونے پر ٹرولنگ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ودیا بالن کو اپنے بڑھتے وزن پر تنقید اور مذاق کا نشانہ بننا پڑتا رہا ہے اور اس فہرست میں اب ہما قریشی کا نام بھی شامل ہو گیا ہے۔ گینگز آف واسے پور اسٹار ہما قریشی کو موٹاپے پر مسلسل ٹرول کیا جاتا رہا ہے۔ایک انٹرویو میں 37 سالہ اداکارہ ہما قریشی نے کہا کہ لوگ اداکاروں پر ذاتی طور پر حملہ کرنے کے عادی ہیں، اگر انھیں کوئی اداکارہ پسند نہیں تو کوئی بات نہیں لیکن ذات پر جملے نہ کسیں۔
اداکارہ نے کہا کہ بہتان بازی اور رکیک جملے کہنے اچھی عادت نہیں۔ کوئی بہت برا لگتا ہے تو اس کی فلمیں نہ دیکھیں۔ہما قریشی نے ایک اداکارہ ہونے کی حیثیت سے میں نے سیکھا ہے کہ ایسے لوگوں کو سیریس نہ لیں۔ یہ آٹے میں نمک کے برابر لوگ ہیں انھیں نظر انداز کرکے اپنے کام میں دھیان دیں اور پرفارمنس سے جواب دیں۔
ہما قریشی نے گینگز آف واسے پور کے بعد جولی ایل ایل بی، ڈبل ایکس ایل، مونیکا، اوہ مائی ڈارلنگ جیسی کامیاب فلمیں دی ہیں اور ڈبل ایکس میں تو ان کا کردار ہی ایک فربہ عورت کا ہے۔