شہریار آفریدی کی نظربندی میں توسیع، بھائی فرخ آفریدی بھی زیرحراست
راولپنڈی(قدرت روزنامہ) سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی کی نظربندی میں مزید توسیع کردی گئی جب کہ ان کے بھائی فرخ آفریدی کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔عدالتی احکامات کے باوجود سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی کی اڈیالہ جیل سے رہائی ممکن نہیں ہو سکی۔ ڈی سی راولپنڈی کی جانب سے مزید 15 دن کی نظربندی کے احکامات موصول ہونے پر شہریار آفریدی کو اڈیالہ جیل ہی میں نظر بند رکھا گیا ہے
شہریار آفریدی کی نظر بندی کے احکامات 3 ایم پی او کے تحت جاری کیے گئے۔ سی پی او راولپنڈی نے نقض امن کے خدشے کے پیش شہریار آفریدی کی 30 دن کے لیے نظر بندی کی سفارش کی تھی ۔
دوسری جانب شہریار آفریدی کے بھائی فرخ آفریدی کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ پولیس نے رات گئے ویسٹریج کے علاقے میں ان کی رہائش گاہ پر چھاپا مارا اور دروازے توڑ کر گھر میں داخل ہوئی، جہاں سے پولیس شہریار آفریدی کے بھائی فرخ آفریدی کو حراست میں لے کر ساتھ لے گئی۔فرخ آفریدی کو 3 ایم پی او کے تحت 15 دن کے لیے اڈیالہ جیل میں نظر بند کردیا گیا ہے۔