پی ٹی آئی کے منحرف ایم پی اے کے بھائی اور بھتیجے کا قتل ذاتی رنجش کا شاخسانہ نکلا


کراچی(قدرت روزنامہ) KILڈیفنس میں پی ٹی آئی کے منحرف ایم پی اے کے بھائی اور بھتیجے کا قتل کا واقعہ ذاتی رنجش کا شاخسانہ نکلا ،پولیس دھرے قتل میں کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے زبیر شاہوانی اور اسکے ساتھیوں کومبینہ طور پرملوث قرار دے رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈیفنس فیز 7 عائشہ مسجد کے قریب پی ٹی آئی کے منحرف ایم پی اے اسلم ابڑو کے بھائی اکرم ابڑو اوراس کے بھتیجے شہریارابڑو کےہائی پروفائل دھرے قتل کےواقعے کی تفتیش میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔
ہائی پروفائل دھرے قتل میں مبینہ طور پرزبیرشاہوانی اور اس کے ساتھی ملوث ہیں اس حوالے سے ڈی آئی جی ساؤتھ عرفان علی بلوچ کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ سال 2019 میں گلشن معار تھانے کی حدود میں زمین کے تنازع پرفائرنگ کا ایک واقعہ پیش آیا تھا جس میں آصف شاہوانی سمیت 3 افراد قتل ہوئے تھے اورواقعے کا مقدمہ الزام نمبر 19/138 ایم پی اے اسلم ابڑو اوردیگرکے خلاف گلشن معمار تھانے میں درج کیا گیا تھا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے زبیرشاہوانی سے اپنے ساتھوں کے ساتھ ملکر اپنے بھتیجے آصف شاہوانی اور دیگرساتھیوں کے قتل کا مبینہ طورپر بدلہ لیا ہےاور زبیر شہوانی نے ہی واردات میں استعمال کی جانے والی گاڑی حاصل کی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ اسلم ابڑو کے بھائی اوراس کے بھتیجے کا قتل ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے تاہم واقعے کی تمام پہلوؤں پر تفتیش کی جا رہی ہے، انہوں نے شبہ ظاہرکیا ہے کہ اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے کے قتل میں پانچ سے چھ ملزمان ملوث ہو سکتے ہیں اورواقعے میں مقامی ملزمان بھی شامل تھے جنہوں نے اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجےکی مکمل ریکی کرنے میں مدد کی۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق ایم پی اے اسلم ابڑو کے بھائی اور بھتیجے کے قتل کا مقدمہ تاحال درج نہیں ہوا ہے اورامکان ہے کہ بروزمنگل کوایم پی اے اسلم ابڑوپولیس سے رابطہ کرنے کے واقعہ کا مقدمہ درج کرائیں جس کے بعد مزید صورتحال واضح ہوجائے گی۔