اپوزیشن کا نگراں وزیراعظم کیلیے ذوالفقار مگسی، اسلم رئیسانی کے ناموں پر غور


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) اپوزیشن کی جانب سے نگراں وزیراعظم کیلیے ذوالفقار مگسی اور اسلم رئیسانی کے ناموں پر غور کیا گیا ہے۔نگراں وزیراعظم کے تقرر کے لیے اپوزیشن جماعتوں کی طویل مشاورت ہوئی۔ اپوزیشن 8 اگست کو مشاورت کے بعد نگران وزیر اعظم کا حتمی نام حکومت کو دے دی گی۔اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کی اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت ہوئی اور نگراں وزیراعظم کے ناموں پر غور کیا گیا.
راجہ ریاض نے کہا کہ اگلا اجلاس جمعہ کودوبارہ ہو گا، جی ڈی اے ، جماعت اسلامی اور دیگر رہنماؤں سے مشاورت کی۔راجہ ریاض نے کہا کہ 8اگست تک اپوزیشن تین ناموں پر اتفاق کر لے گی. اپوزیشن کے اتفاق رائے کے بعد وزیراعظم سے مشاورت کروں گا. وزیراعظم سے تین تین ناموں پر مشاورت ہو گی.
بدھ کے روز اپوزیشن کے دو اجلاس ہوئے جس میں خالد مگسی ، فہمیدہ مرزا. سائرہ بانو ، فرخ الطاف ، ریاض حسین مزاری شریک تھے.ریاض مزاری نے کہا کہ نگران وزیراعظم کے امیدوار کے لئے بعض نام سامنے آئے.
بلوچستان عوامی پارٹی کے سربراہ خالد مگسی نے کہا کہ نگران وزیراعظم بلوچستان سے ہونا چاہیے. ہم وزیراعظم کو نوابزادہ ذوالفقار مگسی اور اسلم رئیسانی کا نام دیں گے.
میر خان محمد خان جمالی نے کہا کہ ہم نے اپوزیشن لیڈر کو نوابزادہ ذوالفقار مگسی اور نواب اسلم رئیسانی کا نام دے دیا ہے.فہمیدہ مرزا نے کہا کہ ہم بھی اپنا نام پیش کریں گے. ابھی تک حکومت کی جانب سے بھی نام سامنے نہیں آئے۔ہم سنجیدہ نام دیں گے، اپوزیشن کا نامزد کردہ نام بھی نگران وزیراعظم ہو سکتا ہے۔