مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن پر میڈیا کو اپنی ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی، مریم اورنگزیب


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پیمرا بل آج قومی اسمبلی سے پاس ہو گیا ہے، مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن پر میڈیا کو اپنی ذمہ داریاں نبھانا ہوں گی۔نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ بل کی حمایت کرنے پر تمام میڈیا ورکرز کا شکریہ ادا کرتی ہوں، 12 ماہ اس بل پر مسلسل مشاورت کی گئی، میڈیا ہاؤسز میں کم از کم تنخواہ حکومت کی مقرر کردہ تنخواہ کے مطابق ہو گی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 5 سال بعد طلال چودھری،دانیال عزیز کی نااہلی ختم ہوئی، مشکل وقت میں طلال چودھری، دانیال عزیز قیادت کے ساتھ کھڑے رہے، آج مسلم لیگ کے قائد مبارکباد کے مستحق ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ والے بھاگنے والے نہیں، نوازشریف کو تاحیات نااہل کر کے سی پیک اور پاکستان کی ترقی کو روکا گیا، نوازشریف کو ہٹانے کا مقصد چیئرمین پی ٹی آئی کو مسلط کرنا تھا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاناما کا سہارا لے کر نوازشریف کو اقامہ پر نااہل کیا گیا، 2018ء میں چیئرمین پی ٹی آئی کو مسلط کر کے ترقی کے سفر کو روکا گیا، جن لوگوں نے نواز شریف کو جھوٹی سزا دی آج منہ دکھانے کے قابل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے معیشت اور خارجہ پالیسی کو ریسکیو کیا، چیئرمین پی ٹی آئی نے قومی اداروں کو تباہ کیا، گزشتہ 15 ماہ میں شہباز شریف نے اتحادیوں سے مل کر ملک کو بحران سے نکالا۔