اسٹیبلشمنٹ کا آدمی ہونے کے طعنوں سے مجھے فرق نہیں پڑتا، وزیراعظم
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سپہ سالاروں سے ملنے کا مقصد ملک کی ترقی کے لیے کام کرنا تھا۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں سرینا چوک پر انڈر پاس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوموں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے بعض اوقات مشکل فیصلے کرنا پڑتے ہیں۔
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ سیاست کرتے ہوئے 38 سال ہوگئے۔ سپہ سالاروں سے ملاقاتیں رہیں حکومت میں بھی اور اپوزیشن میں بھی۔ سپہ سالاروں سے ملنے کا ایک ہی مقصد ہوتا تھا کہ ملک ترقی کرے۔ یار دوست طعنہ دیتے رہے کہ یہ تو اسٹیبلشمنٹ کا آدمی ہے لیکن مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ میرا کوئی ذاتی مفاد نہیں تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواہش ہے کہ اسلام آباد کی حکومت اور راولپنڈی کی اسٹیبلشمنٹ اور دیگر ادارے مل کر مشاورت کریں اورپاکستان کو وہاں لے کر جائیں جس کے لیے قائد اعظم نے خواب دیکھا تھا اور عظیم قربانیاں دی گئی تھیں۔ ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مشکل فیصلے کرنا پڑتے ہیں۔ خواہش ہے کہ ادارے اور سیاستدان مل کر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں۔ بارہ کہو بائی پاس منصوبے میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے مکمل معاونت کی۔