اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے سکینڈل میں شامل افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کے چیئرمین سمیع الحسن گیلانی نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے سکینڈل میں شامل افراد کے نام ای سی ایل (ایگزٹ کنٹرول لسٹ) میں ڈالنے کی سفارش کر دی۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اسلامیہ یونیورسٹی سے متعلق سکینڈل سمیت مختلف امور زیر بحث آئے۔
چیئرمین کمیٹی سمیع الحسن گیلانی نے کمیٹی کو بتایا کہ انہیں ڈی پی او محمد عباس نے سکینڈل سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور سابق وائس چانسلر اطہر محبوب کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی تجویز دی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین کی سربراہی میں کمیٹی سارے معاملے کی تحقیقات کرے گی، وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) اور پولیس تحقیقات میں کیمٹی سے پوری طرح تعاون یقینی بنائے۔