وزیراعلی سندھ کے خلاف نوری آباد پاور پلانٹ کرپشن کیس اسلام آباد سے کراچی منتقل
کراچی(قدرت روزنامہ)وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کے خلاف نوری آباد پاور پلانٹ کرپشن کیس اسلام آباد سے کراچی منتقل کردیا گیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد نے وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ اور دیگر ملزمان کے خلاف نوری آباد پاور پلانٹ کیس کراچی کی اینٹی کرپشن کی عدالت کو بھیجنے کا فیصلہ سنا دیا۔
احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ نیب ترمیمی آرڈی ننس کے بعد یہ ریفرنس اس عدالت کا دائرہ اختیار نہیں بنتا۔عدالت نے ریفرنس کا ریکارڈ اسپیشل جج اینٹی کرپشن کراچی کو بھجواتے ہوئے ملزمان کی درخواستیں منظور کرلیں۔
سید مراد علی شاہ سمیت دیگر ملزمان نے نیب ترمیمی آرڈی ننس کے تحت عدالتی دائرہ اختیار کو چیلنج کررکھا تھا۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا جو آج سنا دیا گیا ہے۔