نئی مردم شماری کے مطابق انتخابات ممکن نہیں، جاوید لطیف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ نئی مردم شماری کے مطابق انتخابات ہونا ممکن نہیں۔جاوید لطیف نے کہا ہے کہ انتخابات کو پرانی مردم شماری پر کرائیں تو ممکن ہوگا، اگر مسائل سے نکلنا ہے تو بروقت انتخابات ضروری ہیں۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ 15 ماہ میں جمہوریت کمزور ہوئی لیکن اس سے پہلے کمان کس کے ہاتھ میں تھی، اگر کمان 15 ماہ قبل والے افراد کے پاس ہوتی تو جمہوریت مزید کمزور ہوتی۔انہوں نے کہا کہ شبر زیدی نے کہا کہ گزشتہ حکومت ملک کو تباہ کر کے گئی، ملک میں اس وقت امید صرف نواز شریف ہیں، دہشتگردی کے باوجود ہم 2013 میں بہتری لائے۔
جاوید لطیف نے کہا کہ الیکشن کو آگے بڑھانے کی باتیں کی جا رہی ہیں، انتخابات ملتوی ہونے کی بات وزیراعظم کے بیان سے جوڑی جا رہی ہے، یہ ن لیگ کی حکومت نہیں بلکہ اتحادیوں کی حکومت ہے، مسلم لیگ ن ایک دن انتخابات ملتوی نہیں کرنا چاہتی۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف چوتھی بار وزیراعظم بننے جا رہے ہیں، وہ آتے ہی 2 سال میں سی پیک کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ن لیگی رہنما نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے خلاف عالمی سازش ہوئی، بے نظیر کا قتل عالمی سازش اور اس میں مقامی ملوث تھے جبکہ نواز شریف کی حکومت ایٹمی طاقت بننے کی وجہ سے نشانہ بنی۔