آئی سی سی ورلڈکپ 2023، قومی ٹیم کو بھارت جانے کیلئے گرین سگنل مل گیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)قومی کرکٹ ٹیم کو رواں سال بھارت میں ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ون ڈے ورلڈکپ میں شرکت کیلئے گرین سگنل مل گیا، قومی ٹیم کی روانگی سے قبل سیکیورٹی وفد بھارت کا دورہ کرے گا . تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز قومی ٹیم کے بھارت جانے کے معاملے پر وفاقی وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی زیرِ صدارت کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا .

اجلاس میں اکثریت ارکان نے ٹیم کو ورلڈ کپ کیلئے بھارت بھیجنے پر اتفاق کیا .
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں موجود اکثریت ارکان نے قومی ٹیم کی بھارت روانگی سکیورٹی ضمانت سے مشروط کی . اس حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے قومی ٹیم کی روانگی سے پہلے ایک وفد بھارت بھیجنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا ہے .
ذرائع کے مطابق اجلاس میں کچھ ارکان کی طرف سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ جب بھارت پاکستان نہیں آرہا تو پاکستان کو بھی نہیں جانا چاہیے . تاہم اتفاق اس بات پر ہوا ہے کہ ٹیم کی روانگی سے قبل بھارتی حکومت سے سیکیورٹی کی گارنٹی لی جائے . اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ قومی ٹیم کیلئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے آئی سی سی اور بھارتی حکام سے بات کی جائے . اگر معاملات طے پاگئے تو اگست کے تیسرے ہفتے میں ایک جائزہ وفد بھارت کا دورہ کرے .
خیال رہے کہ اس سے قبل قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو کی سربراہی میں کمیٹی حتمی فیصلہ کرے گی .
احسان مزاری نے مزید کہا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) خودمختار ادارہ نہیں ہے بلکہ اسے وفاقی حکومت سے اجازت درکار ہوتی ہے . چیئرمین کمیٹی نواب شیر وسیر نے کہا کہ اُمید ہے ذکاء اشرف کرکٹ کی بہتری کیلئے کام کریں گے . قائمہ کمیٹی اپنی تجاویز ذکاء اشرف کو بھجوائے گی . خیال رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ 2023 رواں برس اکتوبر میں بھارت میں شیڈول ہے، روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا مقابلہ 14 اکتوبر کو احمد آباد میں ہونے کا امکان ہے .

. .

متعلقہ خبریں