توشہ خانہ کیس قابل سماعت قرار دینے کا معاملہ، اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ کیس سے متعلق چیئرمین پی ٹی اآئی کی پانچ درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا ۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے توشہ خانہ فوجداری کارروائی کیس قابل سماعت قرار دینے کا سیشن کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا ہے ۔ عدالت نے کیس قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق معاملہ واپس ٹرائل کورٹ کو بھجوا دیاہے ۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکم دیاہے کہ اس سے متعلق درخواست کو دوبارہ سن کر اس پر فیصلہ کیا جائے ، اس کے علاوہ عمران خان کی دوسری درخواست جس میںچیئر مین پی ٹی آئی کا کیس دوسری عدالت کو منتقل کر نے کی درخواست کی گئی تھی ، اسے اسلام آباد ہائیکورٹ نے مسترد کر دیاہے ۔ تیسری درخواست جس میں جج ہمایوں دلاور کی فیس بک پوسٹ کا معاملہ تھا، اس میں عدالت نے ایف آئی اے کو تحقیقات کا حکم دیاہے اور دس روز رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
ایک اور درخواست جو حق دفاع سے متعلق تھی جس میں ٹرائل کورٹ نے گواہ پیش کرنے کی عمران خان کی درخواست کو ٹرائل کورٹ نے مسترد کر دیا تھا اس پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوٹس جاری کر دیئے ہیں اور آئندہ تک فریقین سے جواب طلب کر لیاہے ، چیف جسٹس عامر فاروق نے گزشتہ روز ان درخواستوں پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جوکہ آج سنا دیا گیاہے ۔